منگلورو27؍ستمبر (ایس او نیوز) بنگلورو،میسورو، ہبلی دھاررواڑاور شمالی کرناٹکا کے مختلف علاقوں سے موسلادھار برسات کی خبروں کے بعد بدھ کی رات سے ساحلی علاقوں میں بھی بادلوں کی گرج اور بجلیوں کی کڑکے ساتھ برسات نے دستک دیدی ہے۔ منگلورو اوراس کے اطراف میں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوجانے کی خبر ملی ہے ، جبکہ بھٹکل میں جمعرات کی صبح سے بادلوں کی گرج سنائی دینے کے ساتھ ساتھ کچھ علاقوں ہلکی پھلکی بوند اباندی ہورہی ہے، اور شام شام ہوتے ہوتے تیز برسات کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔
اس موسم کی پچھلی تباہ کن برساتوں کے بعد ساحلی علاقوں میں تقریباً مہینے بھر سے بارش کا نام و نشان نہیں تھا اور تیز دھوپ اور گرمی کی وجہ سے ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے گرمی کا موسم شروع ہوگیا ہو۔ جسم کو جھلسانے کی گرمی کے چلتے لوگ راحت کے لئے بارش کی دعائیں کررہے تھے۔ اور اب بدلتے موسم کو دیکھ کر لگتا ہے کہ تیز برساتیں ہونے والی ہیں اور لوگوں کو کچھ دنوں کے لئے سخت گرمی سے نجات مل جائے گی۔